موٹروے پولیس اور خاتون کا معاملہ خاتون کا 14 روزہ جوڈیشنل ریمانڈ جیل روانہ ۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن راولپنڈی نے سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لئے دائر درخواست کی سماعت کسی کاروائی کے بغیر2 مئی تک ملتوی کر دی ہے  تفصیلی خبروں کو پڑھنے کے لئے نیچے شائع ہیں

اے آرساگر بیورو چیف راولپنڈی

راولپنڈی (دیس نیوز +آئی این پی)موٹروے پولیس کے ساتھ تلخ کلامی،گاڑی سے ٹکر مارنے کا معاملہ،علاقہ مجسٹریٹ ڈاکٹر محمد ممتاز ہنجرا کی عدالت نے گرفتار خاتون کو 14 روزر جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔تفصیلات کے مطابق سول جج جوڈیشل مجسٹریٹ محمد ممتاز ہنجرا نے موٹر وے پولیس کے ساتھ جھگڑے میں گاڑی بھگانے کے دوران پولیس اہلکار کو گاڑی ٹکر لگنے کے مقدمہ میں گرفتار خاتون کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے عدالت نے پولیس کی جانب سے خاتون کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ خاتون ہونے کے ناطے انہیں پولیس حراست میں نہیں رکھا جا سکتا عدالت نے خاتون کو جیل  بھجوانے سے قبل ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سے اس کا طبی معائنہ کروانے کا بھی حکم دیا ہے مقدمہ کے تفتیشی سب انسپکٹر محمد افضل نے گزشتہ روزخاتون فرح زہرہ کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے پرچہ ریمانڈ میں استدعا کی کہ خاتون کو 24اپریل کو گرفتار کیا گیا ہے جس کے پاس نہ تو ڈرائیونگ لائسنس تھا اور نہ گاڑی کی ملکیت کا کوئی ثبوت تھا تفتیشی افسر نے موقع کی ویڈیو بطور ثبوت پیش کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ یہ ویڈیو بھی تجزیئے کے لئے لاہور بھجوائی جا چکی ہے جبکہ خاتون کافوٹو گریمیٹری ٹیسٹ اور آڈیو تجزیہ کروانا مقصود ہے چونکہ خاتون نے باوردی پولیس افسران کو قتل کی نیت سے گاڑی سے کچلنے کی کوشش کی جس بارے تحقیقات کرنا ہیں لہٰذا خاتون کو 5روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیا جائے اس موقع پر خاتون کے وکیل شاہ خاور ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ پولیس کی جانب سے گرفتاری کے دوران خاتون زخمی بھی ہوئی ہیں جن کا میڈیکل کروایا جائے عدالت نے خاتون کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے 9مئی تک جیل بھجوا دیاہے عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدائیت کی ہے کہ وہ جیل کے اندر جیل کے ذمہ دار افسر اور کسی خاتون پولیس افسر کی موجودگی میں تفتیش مکمل کریں اور مقررہ مدت کے اندر 173کی رپورٹ مکمل کر کے عدالت میں جمع کروائیں عدالت نے جیل حکام کو بھی حکم دیا ہے کہ وہ جیل میں تحقیقات کے لئے مناسب انتظامات کریں یاد رہے کہ تھانہ نصیر آباد پولیس نے موٹر وے پولیس کی مدعیت میں رواں سال2جنوری کوتعزیرات پاکستان کی دفعات 324، 353، 186، 337-F(i)، 337-Q،279اور427کے تحت مقدمہ نمبر 9درج کیا تھا خاتون پر الزام تھا کہ اس نے گاڑی بھگانے کے دوران پولیس اہلکار کو کچلنے کی کوشش کی۔  
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
راولپنڈی ( دیس نیوز+آئی این پی)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن راولپنڈی نے سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لئے دائر درخواست کی سماعت کسی کاروائی کے بغیر 2 مئی تک ملتوی کر دی ہے۔جمعرات کے روز سماعت کے موقع پر فریقین کے وکلا نے مقدمہ کے اندراج کی درخواست پر دلائل دینا تھے تاہم وکلا ہڑتال کے باعث درخواست پر کاروائی نہ ہو سکی۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی حاکم خان بکھرنے سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لئے دائر درخواست کی سماعت کسی کاروائی کے بغیر 2مئی تک ملتوی کر دی ہے گزشتہ روز سماعت کے موقع پر فریقین کے وکلا نے مقدمہ کے اندراج کی درخواست پر دلائل دینا تھے تاہم وکلا ہڑتال کے باعث درخواست پر کاروائی نہ ہو سکی عدالت نے سماعت 2مئی تک ملتوی کر دی یاد رہے کہ ارسلان احمد اور زیب فیاض ایڈووکیٹ نے سابق کمشنر کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لئے ضابطہ فوجداری کی دفعہ22-A  اور22-Bکے تحت عدالت میں درخواست دائر کی تھی سی پی او راولپنڈی اور ایس ایچ او تھانہ سول لائن کو فریق بناتے ہوئے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے پریس کانفرنس میں حالیہ انتخابات  میں ڈویژن بھر میں ریٹرننگ افسران کے ذریعے انتخابی بے ضابطگیوں اور دھاندلی کا اعتراف کیا یہ پریس کانفرنس ملک کے مختلف ٹی وی چینلوں پر نشر ہوئی سابق کمشنر کی جانب سے اپنے جرائم کے اعتراف کے فوری بعد درخواست گزار نے متعلقہ پولیس کو مقدمہ کے اندراج کے لئے درخواست دی لیکن پولیس نے آج تک ان کی درخواست پر کوئی کاروائی نہیں کی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سابق کمشنر اور اس کے شریک ملزمان کے خلاف مقدمہ کے اندراج کا حکم جاری کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
راولپنڈی (دیس نیوز+آئی این پی)ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام فلسطین کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف احتجاج،احتجاج کےموقع پر بیشتر وکلا عدالتوں میں پیش نہ ہوئے اور عدالتی امور کا بائیکاٹ کیا تفصیلات کے مطابق فلسطین کے نہتے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے ظلم اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف جمعرات کے روز ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام زبردست احتجاج کیا گیا اس موقع پر بیشتر وکلا عدالتوں میں پیش نہ ہوئے اور عدالتی امور کا بائیکاٹ کیا جبکہ بارکے صدر سید انتظار مہدی نقوی اور جنرل سیکریٹری راجہ شاہد ظفر کی قیادت میں وکلا نے احتجاجی مظاہرہ کیامظاہرے میں ممبر پنجاب بار کونسل حاجی توفیق آصف،صدر ہائی کورٹ بار ملک جواد خالد،سیکریٹری ہائی کورٹ بار شبیر احمد مرزا،نائب صدر ڈسٹرکٹ بار غلام علی صدیقی سمیت دیگر عہدیداران اور وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی راولپنڈی بارکے قائد اعظم ہال سے کچہری چوک تک ریلی نکالی گئی اس موقع پر وکلا اسرائیلی ظلم و ستم کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے وکلا سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اسرائیلی جاہلیت کے خلاف امت مسلمہ کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے جنگ لڑنے کے بھی کوئی اصول ہوتے ہیں اسرائیلی فوج نہ تو معصوم بچوں کو نہ بزرگوں اور نہ ہی عورتوں کو معاف کر رہے ہیں وکلا نے ہمیشہ حق کی آواز بلند کی ہے اور کرتے رہیں گے ہم فلسطینی بہن بھائیوں پر ڈھائے جانے والے ظلم کے خلاف ہے اور ہمیشہ رہیں گے نام نہاد او آئی سی اور اقوام متحدہ کی خاموشی سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کسی اور کی پالیسی پر گامزن ہے اور مسلمانوں کی نسل کشی کا بہت بڑا منصوبہ تیار ہے ہم حکومت وقت سے بھی یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسرائیل ظلم کے خلاف اور فلسطینی مظلوموں کے حق میں آواز بلند کریں بصورت دیگر وکلا جلد نئے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
راولپنڈی ( دیس نیوز+آئی این پی)پنجاب کی صوبائی حکومت کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ”ای موٹر سائیکل سکیم“راولپنڈی سمیت 5 شہروں میں 1 ہزار موٹر سائیکل دیئے جانے کا فیصلہ اس سکیم کے تحت 30 فیصد رقم پنجاب حکومت ادا کرے گی اور اس پر کوئی سود نہیں لیا جاے گا۔اس بات کا اعلان ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ پنجاب کے صوبائی وزیر بلال اکبر خان نے کیا انھوں نےبتایاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ”ای موٹر سائیکل سکیم“راولپنڈی سمیت 5 شہروں میں 1 ہزار موٹر سائیکل دیئے جائیں گے سکیم کے تحت 30 فیصد رقم پنجاب حکومت ادا کرے گی اور اس پر کوئی سود نہیں ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزراولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے نوجوانوں کے لئے ”ای موٹر سائیکل سکیم“کی افتتاحی تقریب کے دوران کیا تقریب میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ پنجاب احمد جاوید قاضی، رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر محمد عمر بھی موجود تھے صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب طلبا وطالبات کو سواری کے حوالے سے خود مختار بنانا چاہتی ہیں پہلے مرحلے میں راولپنڈی سمیت 5 شہروں میں 1 ہزار موٹر سائیکل دیئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں آلودگی بڑا مسئلہ ہے اس منصوبے سے آلودگی میں کمی ہو گی 20 ہزار موٹر سائیکل2 مراحل میں طلبا وطالبات کو دیئے جائیں گے اس منصوبے سے طالبات بھی یکساں مستفید ہونگی انہوں نے کہا کہ سرکاری اور پرائیویٹ کالج اور یونیورسٹی کے طلبا و طالبات بھی اس سکیم میں اپلائی کر سکیں گے موٹر سائیکل کی درخواست دینے والے طالبعلموں کا لائسنس یافتہ ہونا ضروری ہے جن طلباوطالبات کے پاس لرننگ لائسنس ہو گا وہ بھی موٹر سائیکل کے لئے اہل ہوں گے انہوں نے کہا کہ ای موٹرسائیکل ایک چارج میں 100 کلو میٹر سفر کر سکتی ہے اس سکیم کے تحت 30 فیصد رقم پنجاب حکومت ادا کرے گی اور اس پر کوئی سود نہیں ہے کسی بھی صوبے کا طالبعلم جو پنجاب میں تعلیم حاصل کر رہا ہے وہ بھی سکیم کیلئے اہل ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
راولپنڈی (دیس نیوز +آئی این پی)پنڈی کینٹ میں سرکاری تعلیمی ادارے کی سٹاف بس الٹ گئی،15افراد زخمی۔ٹکر سےراہ گیر خاتون جاں بحق تفصیلات کے مطابق
کینٹ کے علاقے میں سرکاری تعلیمی ادارے کی سٹاف بس الٹنے سے بس میں سوار 15افراد زخمی ہو گئے جبکہ بس کی زد میں آنے والی راہ گیر خاتون جان کی بازی ہار گئی اطلاعات کے مطابق ایک سرکاری یونیورسٹی کی بس تیز رفتاری کے باعث عابد مجید روڈ پر ایم ایچ ہسپتال کے قریب اچانک الٹ گئی جس سے بس میں سوار 15 افراد زخمی ہو گئے جبکہ سڑک کنارے موجود 1خاتون بس کی زد میں آکر جان کی بازی ہار گئی واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے جاں بحق ہونے والی خاتون اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا الٹنے کے باعث بس سے ڈیزل لیک ہوگیا تاہم عینی شاہدین کے مطابق تیز رفتار ی کے باعث بس بجلی کے کھمبے سے ٹکرا کر الٹ گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *