اسلام آباد(دیس نیوز)اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی پاکستان کے تین روزہ سرکاری دورہ پر اسلام آباد پہنچ گئے۔
نورخان ایئربیس پروفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ اوردیگر حکام نے ایرانی صدر کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پربچوں نےروایتی اندازمیں ایرانی صدرکوپھول پیش کئے۔
اپنے دورے کے دوران ایرانی صدروزیراعظم محمد شہباز شریف سےوزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کریں گے۔ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے دورہ پاکستان کے دوران ایران اور پاکستان کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت کا دور بھی ہو گا ۔
وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر ایرانی صدر کے اعزاز میں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا،ایرانی صدر اور وزیراعظم شہبازشریف وزیراعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں ارتھ ڈے کی مناسبت سے پودا لگائیں گے۔دونوں رہنما ایران اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شریک ہوں گے۔ دونوں رہنما اسلام آباد کی ایک شاہراہ کو ایران ایوینیو کا نام دینے کی تقریب میں بھی شریک ہوں گے۔دونوں رہنما ایک ساتھ پریس ٹاک بھی کریں گے۔وزیراعظم ایرانی صدر اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیں گے۔