30/03/2024
اسلام آباد (سید گلزار ساقی ۔ دیس نیوز)
پاکستان میں تعینات عراق کے سفیر حامد عباس لفتا نے کہا ہے کہ پاکستان اور عراق کے در میان بہترین تعلقات ہیں۔پاکستانی بندرگاہ گوادر اور بصرہ کے درمیان سمندری تجارت کا اجراء کر کے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جایا جا سکتا ہے۔عراق زراعت،پیٹرو کیمیکل اور طبی شعبے میں پاکستان سے افرادی قوت حاصل کرنے کا خواہشمند ہے۔دونوں ممالک دفاعی شعبے میں بھرپور تعاون کر رہے ہیں،عراق نے حال ہی میں پاکستان سے سپر مشاق طیاروں کی خریداری کی ہے۔پاکستان کے ساتھ دیگر شعبوں میں بھی کثیرالجہتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلا آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے صدر آئی سی سی آئی احسن بختاوری کی قیادت میں عراق کے سفارتخانے میں ان سے ملاقات کی۔
عراقی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے تعلقات کی طویل تاریخ ہے جو مشترکہ مذہب،باہمی تعاون اور ایک دوسرے پر سفارتی انحصار پر مشتمل ہے۔ دونوں ممالک ہمیشہ علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر مکمل ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے آ رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ عراق مضبوط معیشت کے ساتھ بھرپور مواقع کا حامل ملک ہے جس کا سالانہ بجٹ 110 بلین ڈالر ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان اور عراق دونوں مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں لیکن تجارتی تعلقات کم ترین سطح پر ہیں جنہیں بڑھانے کی ضرورت ہے اور اس مقصد کے لیے دونوں اطراف کے چیمبرز اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
عراقی سفیر نے مزید کہا کہ عراقی حکومت نے سرمایہ کاری کے لیے قومی ایکشن پلان ترتیب دیا ہے پاکستانی تاجروں کو ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے آگے آنا ہوگا۔عراق انفراسٹرکچر کے شعبے میں تعمیر نو کی جانب گامزن ہے جبکہ طبی شعبے میں ڈاکٹرز اور نرسز کی اشد ضرورت ہے۔اس کے علاوہ ان کا ملک زراعت کے شعبے میں بھی پاکستان کی صلاحیتوں اور تجربات سے فائدہ اٹھانے کا خواہشمند ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر آئی سی سی آئی نے کہا کہ پاکستان او ر عراق کے درمیان تجارتی تعلقات میں بے پناہ مواقع کے باوجود باہمی تجارت کا حجم حوصلہ افزاء نہیں ہے۔ اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے دونوں برادر ممالک کے درمیان براہ راست رابطوں کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے دیگر مواقعوں کے ساتھ ساتھ پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع موجود ہیں۔ عراق کے سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ دونوں ممالک کو باہمی تجارت کے لیے تیسرے ملک پر انحصار کرنے کے بجائے براہ راست تجارت کو فروغ دینا چاہیے۔پاکستان اور عراق کے در میان نجف کے علاوہ دیگر شہروں کیلئے بھی براہ راست پروازوں کا سلسہ شروع کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جون کے مہینے میں نجف میں منعقد ہونے والی تجارتی نمائش میں شرکت کے لیے منصوبہ بندی کر رہا ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے عراق میں اپنی مصنوعات کی نمائش کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی آئی دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعلقات کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
اس موقع پر سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری نے اس امید کا اظہار کیا کہ عراقی سفیر ایک متحرک شخصیت ہونے کے ناطے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے اور اس سلسلے میں دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کے دو طرفہ دوروں کا ا ہتمام سنگ میل ثابت ہو گا۔ملاقات میں ایگزیکٹیو ممبر چوہدری محمد علی بھی شریک ہوئے۔