راولپنڈی (دیس نیوز)جماعت اسلامی کے رہنما سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ موجودہ غیر منصفانہ نظام اور مختلف شعبوں میں مسلط مافیاز کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔اب چوکوں چوراہوں میں عوامی مسائل کو لے کر جائیں گے ۔ پاکستان کا مسئلہ کرپشن اور نا اہل قیادت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جماعت اسلامی راولپنڈی پی پی 17 کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس ورکرز کنونشن سے امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی ‘ امیر زون پی پی 17 سید ارشد فاروق ‘سابق امیدوار پی پی 17 رضا احمد شاہ ‘ سابق امیدوار این اے 56 عمران شفیق ایڈووکیٹ ‘ صدر جے أئی یوتھ ضلع راولپنڈی بلال ظہور اور مولانا سمیع الحق منصوری نے بھی اظہار خیال کیا ۔ اس موقع پر حالیہ قومی الیکشن میں کام کرنے والے کارکنان کی خدمات کو سراہا گیا اور ان میں تعریفی سرٹیفیکٹ بھی تقسیم کئے گئے ۔ سینٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ میں نے سینٹ میں ہمیشہ اپنے ضمیر کے مطابق بات کی ہے ۔ اسلام ‘ پاکستان اور عوام میری ترجیح رہے ہیں ۔ جماعت اسلامی کے افراد کو کوئی بھی خرید نہیں سکتا ۔ مجھے بھی أفرز کی گئیں ‘ ڈرایا دھمکایا گیا اور دباوٴ ڈالا گیا ۔ مگر الحمد للہ حق اور سچ کی بات کی ۔ انہوں نے کہا کہ بلا تفریق ہر مظلوم کے حق میں أواز بلند کی ۔ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے لئے ایوان کے علاوہ عدالت کا دروازہ بھی کھٹکھٹایا ۔امریکہ میں جا کر مظلوم عافیہ سے ملاقات کی ۔ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے کوششیں جاری رہیں گیں۔ ایف اے ٹی ایف’سود ‘ ٹرانسجینڈر ایکٹ ‘ سمیت ہر ایشو پر اپنی جماعت کے موقف اور ضمیر کے مطابق کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیا ۔ سید عارف شیرازی نے سینٹر مشتاق احمد خان کی سینٹ میں کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ مشتاق احمد خان نے حقیقی معنوں میں اپنا حق نمائندگی ادا کیا ہے ۔ پلڈاٹ اور دیگر اداروں نے ان کی کارکردگی کی تعریف کی ہے ۔ سید ارشد فاروق نے کہا کہ جماعت اسلامی کے امیدواروں کو ٹارگٹ کرکے ہروایا گیا ہے ۔ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے جماعت اسلامی کا راستہ روکا نہیں جا سکتا جاری کردہ ملک محمد اعظم
سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی