راولپنڈی: (دیس نیوز) پتنگ بازی کے دوران ڈور پھرنے، چھت سے گرنے، گولیاں لگنے سے مجموعی طور پر 23 افراد زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
7 سالہ عبداللہ راول روڈ پر کیمیکل ڈور گردن اور ہاتھ پر پھرنے سے زخمی ہوگیا، 10 سالہ مصطفیٰ کا کیمیکل ڈور کے باعث ہاتھ کٹ گیا۔
راول روڈ پر 14 سالہ شہیر اور 13 سالہ عبدالرافع ہاتھوں پر ڈور پھرنے سے زخمی ہو گئے، 45 سالہ نورزادہ کیمیکل ڈور ٹانگوں پر پھرنے سے زخمی، 48 سالہ محمد امتیاز چہرے اور ہاتھ پر ڈور پھرنے سے زخمی ہوا۔
قاتل ڈور کے ہاتھوں 22 سالہ رجب، 12 سالہ صفیان، 10سالہ محمد اسماعیل، 7 سالہ ہادی بھی زخمی ہو گئے، 13سالہ فاطمہ اندھی گولی لگنے سے زخمی ہوئی، 10سالہ مجاہد، عبداللہ اور محمد امجد بھی اندھی گولیوں کا نشانہ بنے۔
ڈھوک رتہ میں 71سالہ صدیق گولی لگنے، 6 سالہ حسیب ڈور پھرنے سے زخمی ہوا، راجہ بازار میں 11 سالہ حمزہ، 18 سالہ عمر چھتوں سے گر کر، 19 سالہ ذیشان ڈور پھرنے سے زخمی ہوا۔
ڈھوک حسو میں 18 سالہ ساجد ڈور پھرنے، ہزارہ کالونی میں 16 سالہ حمزہ گولی لگنے سے زخمی ہوا، محلہ اکال گڑھ میں 20 سالہ فیض اندھی گولی لگنے، 10 سالہ صائم عباس چھت سے گر کر زخمی ہو گیا۔
تمام زخمیوں کو بے نظیر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، بے نظیر ہسپتال کی ایمرجنسی میں زخمیوں کے رش کے باعث عام افراد کا داخلہ بند کر دیا گیا۔
راولپنڈی پولیس کے ترجمان کے مطابق
راولپنڈی پولیس کا پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن
260 سے زائد افراد گرفتار،
15 ہزار سے زائد پتنگیں اور ڈوریں، 11 پسٹل اورساؤنڈ سسٹمز برآمد،
تمام سینئیر افسران فیلڈ میں موجود رہ کر کریک ڈاؤن کی نگرانی اور موثر کنٹرول کو یقینی بنا رہے ہیں،
پتنگ بازی و ہوائی فائرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن رات گئے تک جاری رہے گا،
پتنگ بازی و ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے،
جان لیوا کھیل میں ملوث افراد کے ساتھ ساتھ متعلقہ گھروں، عمارتوں کے مالکان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی،
والدین اپنے بچوں کے مستقبل کو تباہ ہونے سے بچائیں، پتنگ بازی و ہوائی فائرنگ جیسے خونی مشغلوں کی حوصلہ شکنی کریں،
ترجمان راولپنڈی پولیس