اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کل بروز پیر گوجر خان میں پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان میں کلاسسز کے اجراء کا افتتاح کریں گے۔
گوجر خان کی عوام کی فلاح وبہبود، نوجوانوں کو اعلیٰ اور میعاری تعلیم کی فراہمی میری اولین ترجیح ہے؛اسپیکر قومی اسمبلی
اسلام آباد (دیس نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ گوجر خان کی عوام کی فلاح وبہبود، نوجوانوں کو اعلیٰ اور میعاری تعلیم کی فراہمی میری اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے کہا کہ گوجر اور خطہ پوٹھوہار کو جدید، اعلیٰ اور میعاری تعلیم کی فراہمی کو میں اپنا نصب العین سمجھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف پنجاب پوٹھوہار کیمپس میرا دیرینہ خواب تھا جسے عملی جامہ پہنانے کیلئے میں نے اسپیکر قومی اسمبلی کے عہدے پر فائز ہونے کے بعد کوششیں تیز کیں تھیں جس کے بعد آج یونیورسٹی آف پنجاب پوٹھوہار کیمپس گوجر خان میں کلاسسز کے اجراء کا افتتاح کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوجر خان میں باؤلی کے مقام پر 800 سو کنال اراضی پر یونیورسٹی آف پنجاب پوٹھوہار کیمپس گوجر خان کی تعمیر کی جائے گی۔ یونیورسٹی آف پنجاب پوٹھوہار کیمپس گوجر خان کی تعمیر کے لیے 4 ارب روپے کی رقم کا بجٹ منظور ہو چکا ہے۔یونیورسٹی آف پنجاب پوٹھوہار کیمپس کی تعمیر تک عارضی طور پر گورنمنٹ ایم سی بوائز ہائی سیکنڈری سکول گوجر خان میں کلاسسز کے اجراء کا انتظام کیا گیا ہے۔
اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ گوجر خان میں پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان کا قیام خطے میں تعلیم کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف پنجاب پوٹھوہار کیمپس گوجر خان کے قیام سے گوجر خان اور خطہ پوٹھوہار سمیت دیگر ملحقہ علاقوں کے نوجوان طلباء وطالبات کو گھر کی دہلیز پر اعلیٰ اور میعاری تعلیم کا حصول ممکن ہو گا۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف پنجاب پوٹھوہار کیمپس گوجر خان کے قیام سے میر پور آزاد کشمیر، چکوال، جہلم، ڈڈیال، کلر سیداں، مری، کہوٹہ اور آزاد کشمیر کے دیگر علاقوں سے نوجوانوں کو پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان میں اپنی تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کا موقع ملے گا۔انہوں نے کہا کہ گوجر خان کی عوام کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنا اور نوجوانوں کو جدید تعلیم سے آراستہ کرنا میرا نصب العین ہے جس کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گوجر خان میں عوام فلاح و بہبود سمیت ترقی اور خوشحالی کے دیگر منصوبے کا سلسلہ مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ جاری رہیں گے۔