رپورٹ سید گلزار ساقی الیکشن 2024راولپنڈی ریجن دوران الیکشن ساڑھے 12ہزار سے زائدپولیس افسران و اہلکار جبکہ 4ہزار سے زائد دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے حساس مقامات ودیگر پٹرولنگ ڈیوٹی سرانجام دیں گے

راولپنڈی( سید گلزار ساقی جنرل رپورٹر)ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن سید خرم علی کے احکامات پرریجن بھر میں جنرل الیکشن 2024کے حوالے سے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی،راولپنڈی ریجن کے چاروں اضلاع میں دوران الیکشن ساڑھے 12ہزار سے زائدپولیس افسران و اہلکار جبکہ 4ہزار سے زائد دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے حساس مقامات ودیگر پٹرولنگ ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر من و عن عمل درآمد کوہر صورت یقینی بنایا جائے گا، الیکشن کے انعقاد سے قبل اور دوران الیکشن امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا،آر پی او سید خرم علی
تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن سید خرم علی کے احکامات پر راولپنڈی ریجن کے چاروں اضلاع میں جنرل الیکشن 2024کے حوالے سے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔الیکشن کے دوران راولپنڈی ریجن پولیس کے ساڑھے12ہزار سے زائد افسران و اہلکارجبکہ 4ہزار سے زائد دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکار حساس مقامات سمیت دیگر پٹرولنگ ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے،کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے کوئیک ریسپانس فورس و دیگر ریزرو ڈیوٹی پر موجود افسران واہلکاروں کی ہمہ وقت دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔راولپنڈی ریجن میں قومی اسمبلی کے 13اور صوبائی اسمبلی کے 26حلقوں میں 5490پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جنکو حساسیت کے اعتبار سے تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں کیٹگریA کے 694،کیٹگریB کے 1371اور کیٹگریC کے3425پولنگ سٹیشن شامل ہیں، فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ریجن بھر میں 2519سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کی گئی ہے جنکی مانیٹرنگ مرکزی کنٹرول روم سے کی جائیگی۔تمام اضلاع میں لمحہ بہ لمحہ صورتحال کی24گھنٹے مانیٹرنگ کے لیے کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں جبکہ ریجنل دفتر میں مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔الیکشن کے انعقاد سے قبل راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال میں پولیس فورس نے دیگر قانو ن نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ مشترکہ فلیگ مارچ اور الیکشن کے حوالے سے فل ڈریس ریہرسل کا انعقاد بھی کیاتاکہ عوام الناس میں تحفظ کا احساس پیدا ہو اور وہ اپنی قومی فریضے کو بطریق احسن سر انجا م دے سکیں جبکہ فل ڈریس ریہرسل کا مقصد کیے گئے تمام اقدامات کا بروقت جائزہ لیا جاسکے۔آر پی او سید خرم علی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر من و عن عمل درآمد کوہر صورت یقینی بنایا جائے گا،الیکشن کا پرامن انعقاد ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے جسکو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔

آر پی او راولپنڈی سید خرم علی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *