روزنامہ دیس نیوز
چکوال (ساجد بلوچ) تھانہ سٹی چکوال کے علاقے محلہ عمر آباد میں چند روز قبل پیش آنے والی شادی شدہ خاتون کے قتل کا معمہ پولیس نے حل کر لیا۔ پولیس نے قتل کے شبہ میں ایک شخص کو حراست میں لیا، جس نے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ مقتولہ کا مبینہ آشنا تھا۔
پولیس کے مطابق، قاتل اور مقتولہ کے درمیان دوستانہ تعلقات تھے اور نوجوان خاتون سے رقم ہڑپ کرتا تھا۔ رقم واپسی کے تقاضے پر نوجوان نے خاتون کو کپڑے سے پھندہ دے کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ مقتولہ کا شوہر بیرون ملک ملازمت کرتا ہے اور وہ ایک اڑھائی سالہ بچے کی ماں تھی۔
پولیس حکام نے کہا کہ یہ قتل کی واردات چند دن قبل تھانہ سٹی چکوال کے علاقے محلہ عمر آباد میں پیش آئی تھی، جہاں خاتون اپنے بیٹے کے ساتھ کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھی۔ پولیس نے مختصر وقت میں قتل کا کیس حل کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا، اور اس کے اعترافی بیان کی بنیاد پر مزید تفتیش جاری ہے۔