
راولپنڈی ( مریم صدیقہ دیس نیوز )
ادارہ تعلیمات اسلامیہ پاکستان کے سرپرست اعلیٰ علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ عزتیں ساری کی ساری اللہ کے لیے ہیں ۔ بندہ جب خدا کی دہلیز سے دور ہو تو اپنے وسائل پر بھروسہ کرتا ہے اور جب بندگی کا نور دل میں اتر جائے تو وہ رب کے قریب ہوجاتا ہے اور اسے رب کی قدرت اور طاقت پر یقین کامل ہوجاتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار ادارہ تعلیمات اسلامیہ پاکستان کے سرپرست اعلیٰ علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ نے اپنے برادر مکرم پیر سید افتخار حسین شاہ کی سالانہ برسی کے موقع پر ادارہ تعلیمات اسلامیہ گلبرگ گرین اسلام آباد میں محفل ذکر و درس قرآن کی محفل میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ محفل میں سید فیصل ریاض حسین شاہ ، سید نعمان ریاض حسین شاہ ، سید فہد حسین شاہ ، شیخ محمد قاسم ایوب، محمد گلزار نقشبندی، صاحبزادہ محمد عثمان غنی، پیر سید شبیر حسین شاہ، ڈاکٹر حمزہ مصطفائی ، علامہ بشیر القادری ، محمد بہاوالدین، سید محمد عبید شاہ، سید قیصر شاہ، محمد ریاضت نقشبندی ، پروفیسر ابرار احمد خان , خالد توصیف، شیخ عارف سھیل، راجہ نوید و دیگر علماء و مشائخ عظام کے علاوہ سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی ۔ تلاوت کلام پاک کی سعادت محمد شہزاد نقشبندی اور نعت رسول مقبول کی سعادت سید اظہر علی شاہ اور ملک عاصم اعجاز نے حاصل کی۔ سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا تھا کہ میں تم میں دو بھاری چیزیں چھوڑ کر جارہا ہوں ایک قرآن اور دوسرا میری اہلبیت ان دونوں کو مضبوطی سے تھامے رکھنا گمراہ نہیں ہونگے۔ بدقسمتی سے ہم نے ان دونوں نعمتوں کی قدر نہ کی اور امت مسائل سے دوچار ہوگئی ۔انھوں نے کہا کہ قرآن ، صاحب قرآن اور اہلبیت اطہار کی محبت نجات کا ذریعہ ہے ۔ سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ میرے برادر مکرم سید افتخار حسین شاہ نے بچپن سے لیکر جوانی تک میری تربیت کی اور اعلی تعلیم کے حصول تک قدم قدم پر میری رہنمائی کی اور میری ضرورتوں کا خیال رکھا۔ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے اور اپنے قرب کی دولت عطاء فرمائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔