اسلام آباد ( دیس نیوز )
چئیرمین فیڈرل تعلیمی بورڈ ڈاکٹر ملک اکرام نے کہا کہ فیڈرل بورڈ بچوں کی معیاری تعلیم اور ان کے حقوق کے تحفظ پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا۔امتحانات کے انعقاد میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے ایک 12رکنی وفد نے شمالی پنجاب کے صدر و ممبر ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی راولپنڈی ابرار احمد خان کی قیادت میں چئیرمین فیڈرل تعلیمی بورڈ ڈاکٹر ملک اکرام ، ڈائریکٹر ایفیلی ایشن سید ہاشم منیر، ڈپٹی سیکرٹری ون ونڈو امتیاز احمد محمود سے ملاقات کی ۔ وفد میں ممبر بورڈ آف گورنرز فیڈرل تعلیمی بورڈ و صدر ایپسما خواتین ونگ ضلع راولپنڈی مسز سکینہ تاج، سید عادل علی شاہ،چوہدری امجد زیب ، عاطف عزیز حقانی، ڈاکٹر نجف علی محسن ، محمد عمر، مسز نورین، مسز و دیگر نے شرکت کی ۔ ابرار احمد خان نے ڈاکٹر ملک اکرام کو بطور چئیرمین فیڈرل تعلیمی بورڈ ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی، اور ان کی تعیناتی کو ادارے کے لیے خوش آئند قرار دیا ابرار احمد خان نے کہا کہ ہمارے تعلیمی ادارے، اساتذہ اور ان سے متعلقہ محکمے اور تمام شعبہ جات بچوں کے مفادات سے جڑے ہوئے ہیں۔ انکے مفادات کا تحفظ ہم سب کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے ایپسما نے ہمیشہ ایک مثبت کردار ادا کیا ہے ۔ ابرار احمد خان نے بورڈز آف گورنرز کے انتخاب کو ملتوی کرنے کے بارے میں بھی استفسار کیا۔ چئیر مین فیڈرل تعلیمی بورڈ ملک اکرام نے وفد کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فیڈرل بورڈ بچوں کی معیاری تعلیم کی فراہمی اور ان کے حقوق کے تحفظ پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جاسکتا۔بورڈ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ امتحانات کے انعقاد میں کسی طرح کی غفلت یا کوتاہی کی گنجائش نہیں۔ بورڈز آف گورنرز کے انتخابات کو چند ٹیکنیکل وجوہات کی بنیاد پر ملتوی کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ آن لائن انتخابات کی شفافیت کو یقینی بنانے اور ووٹر کی رائے شماری کو ہر سطح پر خفیہ رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے۔اگر مناسب سمجھا تو پرانے طریقہ کار کے تحت ہے الیکشن کروائے جائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔