سید عادل علی شاہ
راولپنڈی ( دیس نیوز )
کانسپٹس کالج آف سائنسز ڈی۔ایچ۔اے کیمپس کے پرنسپل اور نامور ماہر تعلیم سید عادل علی شاہ نے کہا کہ فیڈرل بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کے انتخاب میں کامیابی کے بعد فیڈرل بورڈ کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوشش کروں گا۔
فیڈرل بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کے انتخاب کے امیدوار،کانسپٹس کالج آف سائنسز ڈی۔ایچ۔اے کیمپس کے پرنسپل سید عادل علی شاہ نے اپنے اہم بیان میں کہا کہ راولپنڈی و اسلام آباد پبلک سیکٹر اور پرائیویٹ کالجز کے پرنسپلز کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے انہیں اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور کامیابی کے لیے دعاؤں سے نوازا۔انہوں نے کہا کہ جس قدر پرنسپل صاحبان نے انہیں اپنی حمایت کا یقین دلایا اور حوصلہ بڑھایا ہے، اس سے انہیں یقین ہے کہ اللہ کے فضل و کرم اور ان تمام مخلص احباب کے تعاون سے وہ اس انتخاب میں ضرور کامیاب ہوں گے۔ کامیابی کے بعد وہ نہ صرف کالجز کی انتظامیہ بلکہ طلباء اور فیڈرل بورڈ کے تمام مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوششیں کریں گے۔ سید عادل علی نے اپنے منشور بارے بتایا کہ پیپر چیکنگ کے نظام میں بہتری کی بہت گنجائش ہے۔اس کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے ، مضافاتی علاقوں کے کالجز کی انتظامیہ، طلبہ و طالبات اور والدین کو اپنے مسائل کے حل کے لیے فیڈرل بورڈ اسلام آباد آنا پڑتا ہے، جس کے لیے وہ بہت سے مشکلات سے گزرتے ہیں۔ ان مسائل اور مشکلات کے حل کے لیے کوشش کی جائے گی کہ ڈویژن کی سطح پر فیڈرل بورڈ کے سب آفسز کھولے جائیں ،پریکٹیکل کے نظام میں از سر نو جائزہ لے کر اس نظام میں بہتری پیدا کرنے کی کوششں کی جائی گی۔بورڈ امتحانات کے لیے کالجز کے ہال استعمال کرتا ہے اور اس دوران میں استعمال ہونے والی بجلی اور دیگر چیزوں کا کرایہ ادا نہیں کیا جاتا ۔کالجز کو ان اخراجات کی ادائیگی کے لیے بھی بھرپور کوششیں کی جائیں گے۔پرنسپلز سے مشورے کا عمل مسلسل جاری رکھا جائے گا اور ان کی تجاویر بورڈ تک پہنچائی جائیں گی۔ سید عادل علی نے تمام پرنسپلز سے درخواست کی کہ وہ الیکشن میں ان کے حق میں اپنا قیمتی ووٹ استعمال کر کے انہیں کامیاب بنائیں، تاکہ وہ امتحانات کے نظام کو بہتر سے بہتر بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔