چکوال(راجہ تنویر حیدر دیس نیوز )
اسسٹنٹ کمشنر چکوال ذیشان شریف قیصرانی نے ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کو دوسرے دن بھی بھرپور انداز میں جاری رکھا۔ آج آپریشن کے دوسرے روز انہوں نے انکروچمنٹ انسپکٹر اسد عباس کے ہمراہ چھپڑ بازار، تحصیل چوک، بھون چوک اور تلہ گنگ روڈ کا دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے دکانداروں کو سختی سے متنبہ کیا کہ بازار میں خریداروں کو گزرنے میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دکانوں کے آگے پڑی رکاوٹیں اور غیر قانونی تجاوزات فوری طور پر ہٹائی جائیں بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ بلدیہ کی ٹیم بھی آپریشن میں مکمل طور پر شامل رہی اور مختلف علاقوں میں موجود ناجائز تجاوزات کو ہٹانے کے عمل میں مصروف رہی۔ اے سی چکوال ذیشان شریف قیصرانی نے مزید کہا کہ عوامی سہولت کو اولین ترجیح دی جائے گی اور کسی کو بھی قوانین کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
واضح رہے کہ کل بھی اسسٹنٹ کمشنر کی قیادت میں ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا تھا جس میں متعدد غیر قانونی تجاوزات کو ہٹایا گیا تھا۔ عوامی حلقوں نے اس آپریشن کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ تسلسل برقرار رہے گا۔