راولپنڈی ( سید گلزار ساقی دیس نیوز) راولپنڈی جم خانہ کلب کے سالانہ انتخابات میں سید رضوان حیدر مشہدی 19 ووٹوں کی برتری سے سیکرٹری منتخب ہوگئے۔ بورڈ آف گورنرز ممبران کے لیے 5 نشستوں پر چوہدری محمد احتشام، دراج ندیم خان کھوسہ، عمران علی، شیمائل دادو آرائیں اور وقاص بن محمود کامیاب قرار پائے۔ جم خانہ کلب کے کل 1394 رجسٹرڈ ووٹرز میں سے 952 نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔سیکرٹری کے امیدوار سید رضوان حیدر نے 482 ووٹ حاصل کیے۔ پولنگ کا عمل چیئرمین جمخانہ و کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عبد العامر خٹک اور الیکشن ایڈمنسٹریٹر و ڈی جی آر ڈی اے کنزی مرتضیٰ کی نگرانی میں مکمل ہوا۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی جم خانہ کلب کے ممبران کے درمیان تیسرے سالانہ انتخابات منعقد ہوئے۔اتوار کی دوپہر 12 بجے سے شام ساڑھے 7 بجے تک پولنگ کے دوران 952 ممبران نے حق رائے دہی استعمال کیا جبکہ انتخابی عمل کو ایڈیشنل ڈی جی آر ڈی اے اور الیکشن کمیٹی کے چیئرمین اویس منظور تارڑ، ڈی جی پی ایچ اے اور الیکشن کمیٹی کے ممبر احمد حسن رانجھا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راولپنڈی ڈاکٹر حسن طارق نے اپنی ٹیم کے ہمراہ خوشگوار ماحول میں پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ انتخابات میں دو گروپس، فاؤنڈر گروپ اور پروگریسو اے این ایف گروپ کے درمیان مقابلہ ہوا۔ فاؤنڈر گروپ کے سید رضوان حیدر مشہدی اور پروگریسو گروپ کے سید شرجیل حیدر کے درمیان سیکرٹری کے عہدے کے لیے سخت مقابلہ ہوا۔ گروپس کے 10 امیدوار بورڈ آف گورنرز کی 5 نشستوں کے لیے میدان میں اترے۔ انتخابات کے نتائج کا اعلان الیکشن کمیٹی کے چیئرمین اویس منظور تارڑ نے کیا۔ نو منتخب باڈی ایک سال (2025) کے لیے اپنے فرائض انجام دے گی۔یاد رہے کہ پروگریسو گروپ کے امیدوار شجییل حیدر نے مقابلہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 463 ووٹ حاصل کیے اور اس طرح فاؤنڈر گروپ کے سید رضوان حیدر مشہدی 19 ووٹوں کی برتری سے کامیابی حاصل کی