چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ نے ڈیوٹی سے متعلق خصوصی ہدایات دیں،گرجا گھروں، پارکوں، اور دیگر اہم مقامات پر 50 سے زائد اہلکاروں کی خصوصی ڈیوٹی لگائی گئی ہے
راولپنڈی ( گلزار ساقی ۔ دیس نیوز ) سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے کرسمس اور یوم قائد کی تقریبات کے لیے جامع ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے تاکہ اس موقع پر ٹریفک کی روانی اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ مسیحی برادری اور پوری قوم کے لیے ان تقریبات کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے، سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے تمام شہریوں کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں،کرسمس اور یوم قائد کی تقریبات کے دوران، 24 اور 25 دسمبر کی مڈ نائٹ ڈیوٹی اور انسدادِ ون ویلنگ کے لیے 04 ڈی ایس پیز سمیت 139 افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ دن کے اوقات میں 297 ٹریفک پولیس اہلکار فرائض انجام دیں گے۔ ان میں 12 سرکل افسران، 52 سینئر ٹریفک وارڈنز، 168 ٹریفک وارڈنز، اور 65 ٹریفک اسسٹنس شامل ہیں، جنہیں چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ نے ڈیوٹی سے متعلق خصوصی ہدایات دیں،گرجا گھروں، پارکوں، اور دیگر اہم مقامات پر 50 سے زائد اہلکاروں کی خصوصی ڈیوٹی لگائی گئی ہے تاکہ تقریبات کے شرکاء کو ٹریفک کی مشکلات سے محفوظ رکھا جا سکے۔ تعینات اہلکار ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، پیدل چلنے والوں کی رہنمائی، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مدد فراہم کرنے کے لیے ہر وقت موجود رہیں گے،سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور ان کی ہدایات پر عمل کریں۔ گاڑی چلانے والوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنے راستوں کی منصوبہ بندی پہلے سے کر لیں اور کسی بھی وینیو کے 100 میٹر کے اندر گاڑی پارک کرنے سے گریز کریں،پیدل چلنے والوں سے گزارش ہے کہ وہ اپنی حفاظت کے لیے مخصوص کراس واک کا استعمال کریں اور ٹریفک سگنلز کی پابندی کریں۔ یہ ٹریفک پلان 25 دسمبر کو مکمل طور پر نافذ ہوگا،سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی شہریوں کی سہولت اور حفاظت کے لیے پرعزم ہے۔ یہ پلان فعال منصوبہ بندی اور عوامی تعاون کے ذریعے ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے اور تقریبات کو محفوظ اور منظم بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے