راولپنڈی (مریم صدیقہ دیس نیوز)
تعلیم سے بدلو زندگی کا مشن لیکر امریکہ سے پاکستان پہنچنے والے تبارک رحمن چوہدری 3 نومبر سے کیڈٹ کالج حسن ابدال سے کراچی تک 1600 کلومیٹر میراتھن دوڑ کا آغاز کرکے دنیا کی طویل ترین دوڑ کا اعزاز حاصل کریں گے۔ وزیر اعظم پاکستان ، چیف آف آرمی سٹاف ، وزیر اعلی پنجاب اور وزیر داخلہ مکمل سیکیورٹی اور ہر قسم کی سپورٹ فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
یہ مطالبہ آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر کاشف ادیب جاودانی ، صدر شمالی پنجاب ابرار احمد خان ، کرنل ر فواد حنیف ، محمد توفیق ، ملک حفیظ اللہ، عطاء الرحمن چوہدری ، سید اسد علی، نعیم اشرف ، کامران سیف قریشی و دیگر نے تبارک رحمن چوہدری کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ کاشف ادیب جاودانی نے کہا کہ تبارک الرحمن فروغ تعلیم کے لیے کوشاں ہیں۔جن کے ساتھ ایپسما مکمل تعاون کرے گی ۔ پوری پاکستانی قوم کو اس سپوت پر ناز ہے کہ جو 7000 بچوں کی تعلیم کے لیے امریکہ سے پاکستان محض اس لیے آیا کہ وہ بچوں کی تعلیم کے لیے کوشش کرسکے۔ ابرار احمد خان نے کہا کہ تبارک الرحمن چوہدری اپنا طویل سفر 35 دنوں میں مکمل کرے گا اور اس سے حاصل ہونے والی فنڈنگ براہ راست دی سٹیزن فاؤنڈیشن کے اکاؤنٹ میں جمع ہو گی۔ دی سٹیزن فاؤنڈیشن ملک بھر میں 2 ہزار سے زائد تعلیمی ادارے چلا رہی ہے جن میں غریب، نادار اور مستحق بچے زیر تعلیم ہیں ۔ اساتذہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تبارک الرحمن چوہدری کے مشن کی تکمیل کے لئے حکومت ان کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔