وفاقی وزارتِ تعلیم کے زیراہتمام گرلز سپورٹس کارنیوال 2024ء ملک بھر بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان 4000 سے زائد طالبات 7مختلف کھیلوں میں حصہ لینگی

اسلام آباد(مریم صدیقہ ۔ سپورٹس رپورٹر)وفاقی وزارتِ تعلیم کے زیراہتمام گرلزسپورٹس کارنیوال2024ء کی تمام تیاریاں مکمل، ملک بھر بشمول آزاد کشمیر وگلگت بلتستان 4000سے زائد طالبات 7مختلف کھیلوں میں حصہ لینے کیلئے کل 17اکتوبر تک اسلام آباد پہنچ جائیں گی۔ میگا ایونٹ 18تا20اکتوبرپاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ملک بھر سے بیڈمنٹن میں 42، ٹیبل ٹینس میں 36، اتھلیٹکس میں 27، والی بال میں 24، باسکٹ بال میں 20، فٹ بال میں 14اور ٹینس میں 10ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ وزارت تعلیم کے سنیئر جوائنٹ سیکرٹری وچیئرمین فیڈرل بورڈ سید جنید اخلاق نے بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اورفیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اسلام آباد کے اشتراک سے منعقد ہونے والے گرلز سپورٹس کارنیوال سے پاکستان کا حقیقی ٹیلنٹ سامنے لانے میں مدد ملے گی اور قوم کی بیٹیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ملے گا۔ انہوں نے بتایا کہ میگا ایونٹ میں پہلی بار خواتین ٹیکنیکل آفیشلز کے باعث بچیوں کو مقابلے کیلئے زیادہ اچھا ماحول میسر ہوگا ، جس کیلئے یوتھ ایجوکیشن اینڈ سپورٹس (YES) ویلفیئر سوسائٹی میگا ایونٹ کیلئے ٹیکنیکل سپورٹ فراہم کررہی ہے۔ ایونٹ کی افتتاحی تقریب 18اکتوبر کو ہوگی۔
۔۔۔۔۔۔۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *