راولپنڈی ( دیس نیوز )
مریم صدیقہ سے
سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید کوثر عباس نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات جمہوریت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ جو شہریوں کو براہ راست اپنی رائے دینے کا حق دیتے ہیں ۔صوبائی حکومت سے پر زور مطالبہ ہے کہ وہ ان انتخابات کو ترجیح دیں۔جمہوری عمل کو مضبوط بنانے اور صوبے میں جامع ترقی کے لیے مقامی کمیونٹیز اور مقامی حکومتوں کو شامل کیے بغیر مقامی سطح پر ترقی ممکن نہیں۔
راولپنڈی کے ایک مقامی ہوٹل میں سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (SSDO) کے زیر انتظام اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی اہمیت کو زیر بحث لایا گیا۔تقریب میں موجودہ اور سابق قانون ساز و سیاسی شخصیات، اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔مقررین نے موثر لوکل گورننس اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کو یقینی بنانے کے لیے بروقت انتخابات کی ضرورت پر زور دیا۔ملک افتخار احمد، ممبر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ نچلی سطح پر جمہوریت وہ بنیاد ہے جس پر ہم ایک جامع اور ذمہ دار سیاسی نظام تشکیل دے سکتے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات اس عمل میں ایک اہم کردار ادا کرتے ہیں،طاہرہ مشتاق، ممبر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ میں کمیونٹی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے لوکل گورننس کی طاقت پر یقین رکھتی ہوں۔ ہمارے جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے بلدیاتی انتخابات کا انعقاد بہت ضروری ہے کہ ہر شہری کی آواز سنی جائے۔ملک منصور افسر ممبر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کو یقینی بنانے کا مقصد نہ صرف جمہوری اصولوں کو برقرار رکھنا ہے بلکہ موثر طرز حکمرانی کی فراہمی بھی ہے۔سابق بلدیاتی عہدیداروں اور سول سوسائٹی کے ارکان کہا کہ ان کے گردونواح میں ترقیاتی منصوبوں کے ڈھیر لگ گئے ہیں۔ اس موقع پر ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کوثر عباس نے کہا کہ آج کا سیمینار مقامی جمہوریت کے تعین اور ہماری وابستگی کو زندہ کرنے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ تمام اسٹیک ہولڈرز ،سرکاری عہدیداروں، سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی اور شہریوں کو بروقت اور منصفانہ بلدیاتی انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششوں میں متحد ہونا ہوگا۔انھوں نے صوبائی حکومت پر زور دیا کہ مقامی حکومتوں کے انتخابات کے انعقاد کو ترجیح دی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔