راولپنڈی کی تاجر تنظیموں نے گیارہ ستمبر کو ہونے والے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات میں میاں پرویز اسلم گروپ کی حمایت کا اعلان کردیا
30 اگست 2024
راولپنڈی ( مریم صدیقہ ۔دیس نیوز)
راولپنڈی کی تاجر تنظیموں نے گیارہ ستمبر کو ہونے والے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات میں میاں پرویز اسلم گروپ کی حمایت کا اعلان کردیا،اور چیمبر کی موجودہ قیادت سے عہد کیا کہ میاں پرویز اسلم گروپ کی 72 سالہ خدمات کا صلہ گیارہ ستمبر کو ووٹ دے کر ادا کیا جائے گا۔
گزشتہ روز راولپنڈی ریسٹورینٹس کیٹررز سویٹس اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن کے زیر انتظام راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کےسابق صدر میاں پرویز اسلم (مرحوم)گروپ ممبران کے اعزاز میں شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔جس میں تاجر تنظیموں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تقریب کا آغازتلاوت قرآن پاک سےہوا۔ایسوسی ایشن کے سر پرست اعلی محمد نعیم نےتمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میاں پرویز اسلم گروپ نے راولپنڈی چیمبر کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔شہر کے متعدد منصوبہ جات کی تکمیل کی۔آپ سے کہوں گا کہ اپنا ووٹ میاں اسلم گروپ کو دے کر انھیں کامیاب کروائیں ۔صدر ایسوسی ایشن محمد فاروق چوہدری نے کہا کہ سہیل الطاف سے ہم نے سیکھا کہ اپنے تاجروں کا دفاع کیسے کرتے ہیں۔ ہم سب چیمبر کے بازو ہیں۔جس طرح اٹھائیس اگست کی ہڑتال کامیاب ہوئی،اسی طرح گیارہ ستمبر کو ہم چیمبر کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔چئیرمین ایسوسی ایشن ممتاز احمد نے کہا کہ میاں اسلم گروپ گزشتہ 72 سال سے تاجروں کے لیے خدمات انجام دے رہا ہے۔راولپنڈی چیمبر کرونا وائرس سے لے کر اب تک ایسوسی ایشن کے ہر مسئلہ کو حل کرنے میں پوری قوت سے ساتھ کھڑا رہا، جس کی مثال نہیں ملتی۔چیمبر اور ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن کی اپنے ممبران کی سپورٹ کرنا قابل ستائش ہے۔پرویزاسلم گروپ کی کامیابی اس لئے بھی ضروری ہےکہ چیمبر کا ہر کام موجودہ قیادت کے زیر نگرانی ایک تسلسل اختیار کر چکا ہے۔جس طرح ملک میں غیر مستقل حکومتوں کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہوا ،ہمیں ڈر ہے کہ یہی معاملہ چیمبر کے ساتھ پیش نہ آئے۔ہم چاہتے ہیں کہ چیمبر یکسوئی کے ساتھ اپنے منصوبوں کی تکمیل جاری رکھے،تاکہ تاجر مستحکم ہوں۔انھوں نے تاجروں کوچیمبر کا ممبر بننے کی ہدایت کی۔گروپ لیڈر راولپنڈی چیمبر سہیل الطاف نے کہا کہ راولپنڈی چیمبر ملکی معیشت میں ایک تناور درخت بن چکا ہے۔ہم اتفاق کو ترجیح دیتے ہیں۔جس کی مثال اٹھائیس اگست کی کامیاب ہڑتال ہے۔انھوں نے کہا کہ کچھ عناصر نے پراپیگنڈہ کر کے یہ بات پھیلائی کہ تاجر ٹیکس نہیں دینا چاہتے،اس لئے ہڑتال کی۔ہمیں بتایا گیا کہ تاجر دوست سکیم کا مقصد ٹریڈرز کو ٹیکس نیٹ ورک میں لانا ہے۔ لیکن جب تاجروں کو مختلف نوٹسزجاری کیے گئے کہ آپ ساٹھ ہزار،پچاس ہزار تیس ہزار جمع کروائیں۔اس طرح تاجر دوست سکیم کی حقیقت کھل کر سامنے آئی۔اگر آپ کے پاس ٹیکس کی عدم ادائیگی کے کیسز ہیں تو آپ سب کے سامنے ثبوت لائیں۔ ہمیں تاجر دوست سکیم کسی صورت قابل قبول نہیں۔صدر راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ثاقب رفیق نے کہا کہ میاں پرویز اسلم گروپ راولپنڈی چیمبر کی شناخت ہے۔ کامیاب ہڑتال کا سہرا سہیل الطاف کو جاتا ہے۔گروپ لیڈر سہیل الطاف نے صاف کہا ہے کہ اگر ہمارا ممبر محفوظ نہیں تو چیمبر کا صدر بننے کاکوئی فائدہ نہیں۔مرکزی انجمن تاجران شاہد غفور پراچہ نے کہا کہ گیارہ ستمبر کو میاں پرویز اسلم گروپ کو ڈنکے کی چوٹ پر ووٹ دیں گے۔صدر چیمبر سمال انڈسٹری طارق جدون نے کہا کہ چیمبر ہمارا گھر ہے۔انشاء اللہ کامیابی میاں اسلم گروپ کی ہے۔راجہ جواد نے کہا کہ ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن کی زیر قیادت گوجر خان میں کامیاب ہڑتال کی گئی۔انجمن تاجران راولپنڈی کینٹ شیخ حفیظ نے کہا کہ گیارہ ستمبر سہیل الطاف گروپ کی کامیابی کا دن ہے۔تقریب کے اختتام پر ایسوسی ایشن کے صدر محمد فاروق چوہدری،چئیرمین ممتاز احمد نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔