پیپلز پارٹی کا یوٹیلٹی سٹورز ملازمین کی مکمل حمایت کا اعلان، ہزاروں محنت کشوں کی جانب سے پرتپاک خیرمقدم چوہدری منظور احمد کی ڈی چوک میں یوٹیلٹی سٹورز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے دھرنے میں شرکت

اسلام آباد ( دیس نیوز ) پاکستان پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن اور پیپلز لیبر بیورو پاکستان کے انچارج چوہدری منظور احمد نے کہا ہے کہ انہوں نے رائٹ سائزنگ کمیٹی کے اجلاس میں حکومت کو باور کرا دیا ہے کہ ہم یوٹیلٹی سٹورز کو کسی صورت بند نہیں کرنے دیں گے یوٹیلٹی سٹورز سے صرف بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ستر لاکھ خاندان مستفید نہیں ہو رہے بلکہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے بنائے گئے اس ادارے سے کم آمدنی والے افراد، دیہاڑی دار مزدور، محنت کش، تنخواہ دار ملازمین اور غریب عوام کو مارکیٹ کے مقابلے میں سستی چیزیں ملتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ڈی چوک میں یوٹیلٹی سٹورز ملازمین کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا پیپلز لیبر بیورو سنٹرل پنجاب کے صدر سید نذر حسین شاہ، نائب صدر محمد اعجاز، سٹی صدر راجہ عبدالمجید اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات سجاد حسین ساجد سمیت دیگر مزدور راہنما بھی ان کے ہمراہ تھے ہزاروں محنت کشوں نے پرتپاک نعروں سے چوہدری منظور کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پیپلز پارٹی کی جانب سے یوٹیلٹی سٹورز ملازمین کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے راہنماؤں سید عارف حسین شاہ، راجہ مسکین اور دیگر قائدین کو یقین دلایا کہ پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر حکومت کے اس ظالمانہ اور غیردانشمندانہ فیصلے کے خلاف آواز اٹھائی جائے گی، یوٹیلٹی سٹورز بند کرنے والے اس کے اثاثوں اور جائیدادوں پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں اور ہم یہ نہیں ہونے دیں گے، ہمارے سینئر راہنما سید خورشید شاہ، شازیہ مری اور ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے بھی اسمبلی کے فلور پر کھڑے ہو کر یوٹیلٹی سٹورز ملازمین کے حق میں بھرپور آواز اٹھائی ہے۔چوہدری منظور احمد نے حکومت سے سوال کیا کہ تم ادارے بنا نہیں سکتے تو بنے بنائے ادارے کیوں برباد کر رہے ہو، نہ پنشنرز کو کچھ دیتے ہو نہ تنخواہیں بڑھاتے ہو، نہ غریب کی زندگی آسان کرتے ہو الٹا ہزاروں خاندانوں کو روزگار سے محروم کر رہے ہو۔ یوٹیلٹی سٹورز سے ہزاروں خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے اس کے ملازمین تنخواہوں کیلئے حکومت سے ایک روپے کی سبسڈی نہیں لیتے یوٹیلٹی سٹورز مہنگے نجی سٹوروں کے مقابلے میں پاکستان کے کونے کونے میں غریب عوام کوکم نرخوں پر اشیائے صرف فراہم کرنے کا ذریعہ ہیں اسلئے اس ادارے کا قائم رہنا ضروری ہے۔ اب تک ملک میں جو بھی ادارے پرائیویٹائز کیے گئے ہیں ان کے کارٹل بن گئے ہیں اور آج گھی، کھاد، چینی، سیمنٹ اور لوہے کی قیمتوں پر حکومت کا کوئی کنٹرول نہیں ہے اور مالکان من مانی کر رہے ہیں۔ چوہدری منظور نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے اقتدار میں عوام کو نوکریاں دیں، ملازمین کو بحال اور ریگولر کیا، تنخواہوں اور پنشنوں میں اضافہ کیا، سرکاری اداروں اور کارخانوں میں مزدور اور کارکنوں کو حصہ دار بنایا تنخواہ دار و محنت کش طبقہ کو مراعات دیں اور ان کے تحفظ کیلئے پارلیمنٹ سے قانون منظور کرائے آج پاکستان کا محنت کش اور تنخواہ دار طبقہ تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے تو پیپلز پارٹی آج بھی ہمیشہ کی طرح اس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *