راولپنڈی( سپورٹس رپورٹر)کشمیر سپریم لیگ(کے ایس ایل) کی تیاریاں زورووشور سے جاری، لانچنگ تقریب 3ستمبر کو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل جبکہ افتتاحی میچ 4نومبر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا، شاہدآفریدی کے ایس ایل کے برانڈ ایمبیسیڈر اور معین خان ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز مقرر ، پہلے ایڈیشن میں 6ٹیمیں جلوہ گر ہونگی۔کے ایس ایل کے چیئرمین مسعود احمد خان نے بتایا کہ کے ایس ایل کا سلوگن ”لیگ فارپیس” ہے، کشمیر سپریم لیگ کے پہلے ایڈیشن میں 6ٹیمیں مظفرآباد فالکنز، باغ رائلز، راولاکوٹ نائٹس، میرپور سٹالینز، کوٹلی لائنز اور گلگت بلتستان یونائیٹڈ حصہ لیں گے۔ لیگ کی لانچنگ 3ستمبر کو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ہورہی ہے جس میں وفاقی وزیرداخلہ وچیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی، وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارلحق مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ وزیراعظم پاکستان محمد شہبازشریف کی آمد بھی متوقع ہے۔ لیگ کا انعقاد 4سے 20نومبر 2024ء تک راولپنڈی، فیصل آباد اور مظفرآباد میں ہوگا۔ افتتاحی تقریب و میچ 4نومبر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ لیگ کی 6ٹیموں کے مابین مجموعی طور پر 19میچز کھیلے جائیں گے جن میں پلے آف اور فائنل میچز مظفرآباد (آزادکشمیر) میں منعقد ہوں گے، فائنل میچ 17یا 18نومبر 2024ء کو مظفرآباد سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ہر ٹیم میں 20کھلاڑی اور 10آفیشلز شامل ہوں گے، کے ایس ایل کی ہر ٹیم کے سکواڈ میں کم ازکم 6کشمیری پلیئرز شامل ہوں گے جبکہ ہر ٹیم کی پلیئنگ الیون میں کم ازکم 2کشمیری کرکٹرز کو کھلانا لازمی ہوگا۔پہلی بار کسی بھی لیگ میں گلگت بلتسنان کو نمائندگی دی گئی ہے جس سے وہاں کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں بڑی مدد ملے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔