ایران کے شہر یزد میں بس حادثہ میں شہید ہونے والے پاکستانی زائرین کی میتیں آج لائی جائینگی
*ایئر فورس کا سی 130 طیارہ نور خان ایئر بیس سے ایران کے لئے روانہ

اسلام آباد (دیس نیوز)
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر ایران کے شہر یزد میں بس حادثہ میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی زائرین کی میتیں آج جمعہ سی 130 طیارے کے ذریعے وطن واپس لائی جائیں گی۔پاکستان ایئر فورس کا سی 130 طیارہ نور خان ایئر بیس سے ایران کے لئے روانہ ہو چکا ہے جو جمعہ سہ پہر ساڑھے تین بجے تک یزد ایئر پورٹ ایران پہنچے گا۔ پاکستانی زائرین کی میتیں رات کو ایران سے وطن واپس لائی جائیں گی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف ذاتی طور پر خود تمام صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ حادثہ کا شکار ہونے والی بدقسمت بس میں سوار 51 مسافروں میں سے 28 پاکستانی زائرین جاں بحق ہو چکے تھے جبکہ 23 زخمی ہیں اور 14 زائرین کی حالت تشویشناک ہے۔ یزد، ایران سے لاڑکانہ تک طویل فاصلے اور گرم موسم کی وجہ سے ایران میں پاکستان کے سفیر نے پاکستانی زائرین کی میتیں بذریعہ فضائی راستہ پاکستان بھجوانے کی سفارش کی تھی۔ جاں بحق ہونے والے پاکستانی زائرین میں سے زیادہ تر کا تعلق لاڑکانہ سندھ سے ہے-

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *