راولپنڈی۔26جنوری (اے پی پی):راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے قائم مقام صدر فیصل شہزاد نے کہا ہے کہ ملک میں انڈسٹریلائزیشن کو فروغ دے کرمعیشت کو ترقی دی جا سکتی ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ کسی بھی ملک کی معیشت کی کامیابی میں انڈسٹری کا ایک بڑا رول ہے، اس کے ساتھ ساتھ ایس ایم ایز سیکٹر کسی بھی انڈسٹری کا اہم جزو ہے اور جب ایس ایم ایز ترقی کرتی ہے، تو وہ انڈسٹری کی شکل اختیار کرتی ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز(ایس ایم ایز) خاص طور پر ترقی پذیر ممالک میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، ایس ایم ایز دنیا بھر میں کاروبار کا بڑا حصہ ہیں، یہ ملازمتوں کی تخلیق کا اہم ذریعہ اور عالمی اقتصادی ترقی میں اہم شراکت دار ہیں، جی ڈی پی میں ایس ایم ایز کا حصہ چالیس فیصد ہے۔ فیصل شہزاد نے کہا کہ مالیات تک رسائی نہ ہونا ایس ایم ای کی ترقی کے لیے ایک اہم رکاوٹ ہے، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کے تخمینے کے مطابق پاکستان میں 50 لاکھ سے زیادہ ایس ایم ایز ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایس ایم ایز پاکستان کے جی ڈی پی میں 40 فیصد اور مجموعی برآمدات میں 25 فیصد حصہ ڈالتی ہیں، زرعی شعبے کے بعد ایس ایم ای سیکٹر ملک میں کام کرنے والی آبادی کو سب سے زیادہ روزگار فراہم کرتا ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ چھوٹے کاروبار کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولیات دی جائیں، مالیاتی مدد کے لیے سود سے پاک قرضے دیئے جائیں۔