پشاور۔ 27 جنوری (اے پی پی):سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر اعجازخان آفریدی نے کہا ہے کہ فرنیچر کی صنعت کا ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بین الاقوامی فرنیچر کرافٹ فیئر پاکستان 2024ء ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
افتتاحی تقریب کے دوران آر ایف ایونٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر نازش فیصل، آرگنائزر اور پارٹنرز کے نمائندے بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فرنیچر انڈسٹری کے فروغ اور اس صنعت سے وابستہ کاروباری حضرات کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے تاکہ صوبہ خیبر پختونخوا میں فرنیچر سیکٹر کوفروغ دے کر سرمایہ کاری کے لئے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کئے جائیں۔
اعجاز خان آفریدی نے ایکسپو میں رکھے گئے فرنیچر کی بناوٹ اور ڈیزائن کی تعریف کی اور آر ایف ایونٹر پرائیویٹ لمیٹڈ کے سی ای او سے کہا کہ وہ فرنیچر کی صنعت سے وابستہ افراد کے مسائل کو سرحد چیمبر کے سامنے پیش کریں ، سرحد چیمبر ان کے مسائل کو حکومتی سطح پر اٹھاکر حل کرنے کی بھرپورکوشش کرے گا۔ سرحد چیمبر کے نائب صدر کا کہنا تھا کہ دیگر اہم سیکٹرز کی طرح فرنیچر انڈسٹری بھی ملک کی معاشی ترقی اور برآمدات کوبڑھانے میں کلیدی کردار کر رہا ہے ۔
اس موقع پر ایکسپو کے آرگنائزر نے بتایا کہ ان کا ادارہ افغانستان، کابل میں فرنیچر نمائش (پاک افغان ٹرانزٹ ایگزیبیشن) کروانے کا ارادہ رکھتا ہے جس کیلئے سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا تعاون درکار ہے۔ اس موقع پرنائب صدر اعجاز خان آفریدی نے یقین دلایا کہ سرحد چیمبر اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔ بعد ازاں سرحد چیمبر کے نائب صدر اعجاز خان آفریدی نے ایکسپو میں لگائے گئے فرنیچر کے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا ۔