زائرین اربعین کربلا عراقی ائیر لائن اور پی آئی اے  خصوصی پروازیں چلانے کی اجازت دینے پر اتفاق کیا ۔۔ وزیر داخلہ محسن نقوی 

۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے عراق کے سفیر حامد عباس لفتہ نے بدھ کو وزارت داخلہ میں اہم ملاقات کی۔

پاکستانی زائرین کیلئے ویزا فیس ختم کرنے کیلئے وزیر داخلہ اپنے عراقی ہم منصب سے ٹیلی فون پر رابطہ کریں گے


وزیرداخلہ کی عراقی سفیر سے ملاقات زائرین کے مسائل حل کرنے پر اتفاق



اسلام آباد( دیس نیوز) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی ذاتی کوششوں سے عراق جانے والے پاکستانی زائرین کو بڑی سہولت مل گئی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے عراق کے سفیر حامد عباس لفتہ نے بدھ کو وزارت داخلہ میں اہم ملاقات کی۔ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ بذریعہ ہوائی جہاز عراق جانے والے پاکستانی زائرین سے داخلے پر پاسپورٹ نہیں لئے جائیں گے اور اربعین کے موقع پر ٹریول ایجنٹوں کی بجائے عراقی سفارتخانہ خود زائرین کو ویزے جاری کرے گا جبکہ پاکستانی زائرین کے کوٹے میں  اضافہ  کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ کی درخواست پر زائرین کے لئے رواں سال گزشتہ سال سے زیادہ ویزے جاری کئے جائیں گے۔ ملاقات میں اربعین کے موقع پر زائرین کی سہولت کیلئے سپیشل پروازیں چلانےپر بھی اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں اس اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستانی زائرین کی مزید سہولت کیلئے کراچی میں عراقی قونصلیٹ کو دوبارہ اوپن کرنے کے لئے آج ہی تمام معاملات حل کر لئے جائیں گے۔ وزیر داخلہ نے یقین دلایا کہ وزارت داخلہ اس ضمن میں ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ اربعین کے موقع پر پاکستانی زائرین کیلئے ویزا فیس ختم کرنے کیلئے وزیر داخلہ اپنے عراقی ہم منصب سے ٹیلی فون پر رابطہ کریں گے۔ ملاقات میں عراق میں قید پاکستانیوں کی وطن واپسی کے متعلق بھی گفتگو کی گئی۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اس ضمن میں عراق میں پولیس لائنزن آفیسر تعینات کیا جائیگا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے یقین دلایا کہ زائرین سے زائد فیس چارج کرنے والے ایجنٹوں کے خلاف بھر پور ایکشن لیا جائے گا۔ ملاقات میں ڈپلومیٹک اور آفیشل پاسپورٹ پر ویزا کی چھوٹ کے معاہدہ کو جلد از جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا۔عراقی سفیر نے عراقی وزیر داخلہ کی جانب سے محسن نقوی کو عراق کے دورے کا دعوت نامہ بھی پیش کیا۔ ملاقات کے فوری بعد محسن نقوی نے وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف سے رابطہ کیا اور عراقی ائیر لائن کو آج سے ہی خصوصی پروازیں چلانے کی اجازت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *