بجلی کمپنیوں کے ملازمین کیلئے ایک ماہ کی تنخواہ کے برابر کارکردگی الاؤنس کا اعلان  آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے) کی ملازمیں کو مبارکباد حکومت کا شکریہ

بجلی کمپنیوں کے ملازمین کیلئے ایک ماہ کی تنخواہ کے برابر کارکردگی الاؤنس کا اعلان

بجلی کمپنیوں میں سٹاف کی کمی دور کرنے کیلئے نئی بھرتی کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔ وفاقی سیکرٹری توانائی

آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے اعلیٰ سطحی وفد کی وفاقی سیکرٹری راشد محمود لنگڑیال سے ملاقات

اسلام آباد ( دیس نیوز) آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے) کے مطالبے پر محکمہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے اسکیل ایک سے پندرہ تک کے ملازمین کو ایک ماہ کی تنخواہ کے برابر کارکردگی الاؤنس دینے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا جبکہ اسکیل سولہ اور اوپرکے ملازمین کیلئے اعزازی الاؤنس کے اجراء کیلئے یونین قائدین کے اصرار پر سیکرٹری وزارت توانائی نے وفد کو مثبت پیش رفت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اس امر کا اظہار گذشتہ روز پاک سیکریٹریٹ اسلام آباد میں وفاقی سیکریٹری توانائی پاور ڈویژن راشد محمود لنگڑیال سے واپڈا سی بی اے یونین کے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی، مرکزی جنرل سیکریٹری خورشید احمد، آئیسکو کے ریجنل چیئرمین جاوید اقبال بلوچ اور دیگر رہنماؤں پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد کی خصوصی ملاقات کے دوران کیا گیا۔ یونین قائدین نے وفاقی سیکرٹری کو بتایا کہ ادارے میں 80 ہزار سے زائد اسامیاں خالی ہیں جس کے باعث موجودہ ملازمین پر کام کا شدید دباؤ ہے اور ایک ملازم سے دس دس آدمیوں کا کام لیا جا رہا ہے لہذا تمام ملازمین اور افسران کو بلا تفریق ہر سال کی طرح ایک ماہ کی تنخواہ کے برابر کارکردگی الاؤنس دیا جائے تاکہ ان پر کام کی زیادتی اور مالی پریشانیوں کے بوجھ کا کچھ ازالہ ہو سکے۔ وفاقی سیکریٹری توانائی نے یونین کے اس موقف سے اتفاق کیا اور فوری طور پر تمام ڈسکوز کے اسکیل ایک سے پندرہ تک کے ملازمین کو ان کی کارکردگی کی بنا پر ایک ماہ کی اضافی اعزازی تنخواہ کی منظوری دے دی لیکن خورشید احمد، عبداللطیف نظامانی اور جاوید اقبال بلوچ نے اسکیل سولہ سمیت تمام ملازمین کو کارکردگی الاؤنس دینے پر اصرار کیا جس پر وفاقی سیکریٹری نے یونین قائدین کو یقین دلایا کہ بلاتفریق تمام ملازمین کو کارکردگی الاؤنس دینے کے مطالبے پر غور کیا جائے گا اور اس پر جلد پیش رفت ہو گی۔

خورشید احمد نے وفاقی سیکرٹری کو ادارے میں خالی اسامیوں، دوران کار حادثات اور شہداء کے لواحقین کو عدم ادائیگیوں کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا جس پر وفاقی سیکرٹری نے یقین دلایا کہ واپڈا اور تمام بجلی کمپنیوں میں نئی بھرتی کا عمل شروع کیا جائے گا اور شہداء کے لواحقین کو ان کی واجب الادا رقوم کے فوری اجراء اور تمام فیلڈ سٹاف کو ضروری سیفٹی آلات کی مکمل فراہمی یقینی بنانے کیلئے ڈسکوز کو ہنگامی احکامات جاری کیے جائیں گے۔ دریں اثناء عید الاضحیٰ کے ساتھ اضافی اعزازی تنخواہ بطور کارکردگی الاؤنس کے اجراء پر ہزاروں واپڈا ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے
نے خوشی کے اس موقع پر تمام ڈسکوز کے ملازمین کو یونین کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یونین آئندہ بھی ملازمین کی خوشحالی اور انکی مراعات کیلئے کاوشیں کرتی رہے گی اور امید ہے کہ ملازمین بھی مزید ایمانداری ودیانت داری سے اپنے ادارے کی ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کرتے رہیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *