اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):ٹی وی اداکارہ سویرا ندیم کا کہنا ہے کہ شادی چاہے کسی عمر میں بھی کی جائے اگر آپ سمجھوتے کرنے کے تیار ہیں تو شادی کامیاب رہتی ہے۔گزشتہ روز ایک پوڈ کاسٹ میں بات چیت کرتے ہوئے اداکارہ سویرا ندیم نے کہا کہ محبت اور ایڈجسمنٹ دو مختلف چیزیں ہیں،ایڈجسمنٹ کا تعلق آپ کی شخصیت سے ہوتا ہے اگر آپ 22 سال کے ہیں اور سمجھوتے کر سکتے ہیں تو آپ 32 سال کے ہوں یا 44سال کے ہوں کوئی فرق نہیں پڑتا ،آپ شادی شدہ کامیاب زندگی گزار لیتے ہیں لیکن یہ ایڈجسمنٹ یا سمجھوتہ یک طرفہ نہیں ہوتا ،دونوں پارٹنر اپنے اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے ایک دوسرے کے لیے محبت میں سمجھوتہ کرتے اور شخصی طور ترقی کرتے ہیں ۔
سویرا جو ان دنوں ڈرامہ بلاک بسٹر ڈرامہ ’’ جان جہان ‘‘میں کشور کا کردار نبھا رہی ہیں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ان کو کشور کے کردار کے لیے ’’جان جہان ‘‘ کی آفرپانچ چھ سال پہلے آئی تھی اور کردار دلچسپ ہونے کی وجہ سے انہوں نے فورا آفر قبول کر لی تھی۔بعد میں اس کی کاسٹ میں تبدیلی ہوئی اور ڈائریکٹر بھی تبدیل ہوئے ۔انہوں نے بتایا کہ ان کو یوں تو اداکاری کا شوق بچپن سے تھا لیکن ان کو باقاعدہ طور اداکاری کا شوق او لیول کے بعد اجوکا تھیٹر کا ایک ڈرامہ دیکھ کر ہوا تھا ۔
انہوں نے بتایا انہوں نے تقریباً دس سال تھیٹر پر کام کیا اس دوران کالج میں ایک سٹیج پلے میں میری اداکاری دیکھ کر مجھے ٹی وی پر کام کی آفر ہوئی اور ان کا پہلا ڈرامہ’’ کرن ‘‘تھا جس میں وہ کرن کے کردار میں تھیں ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے دو نو عمر بیٹے ہیں اور ان کے شوہر بہت انڈرسٹینڈنگ ہیں ، دیر سے شادی کرنے پر ان کو کوئی پچھتاوا نہیں ہے۔