راولپنڈی ( دیس نیوز )
راولپنڈی انجمن تاجران لیاقت روڈ راولپنڈی کے صدر و راولپنڈی سنوارو تحریک کے بانی شیخ عبد الوحید نے کہا کہ فلسطین پر اسرائیلی بر بریت کا خاتمہ کرنا ہوگا۔مسلم ممالک فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالی پر یک جا ہو کر آواز بلند کریں۔
انھوں نے یہ بات راولپنڈی آرٹس کونسل میں پاسبان وطن ویلفیئر فاونڈیشن کے زیر انتظام “یکجہتی فلسطین” کی منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔راولپنڈی انجمن تاجران لیاقت روڈ راولپنڈی کے صدر و راولپنڈی سنوارو تحریک کے بانی شیخ عبد الوحید کا مزید کہنا تھا کہ نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلٰہ وسلم کی زندگی ہمارے لئے مشعل ہے۔دنیا بھر کے مسلم ممالک کو امت مسلمہ بننے کے لیے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا ہوگا۔فلسطین ہمارا برادر اسلامی ملک ہے ،جسے ہر دوسرے روز ایک نئی جنگ کا سامنا ہے۔ مسلم ممالک سمیت بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں کو متحد ہو کر فلسطین کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر آواز بلند کرنا ہوگی۔اگر مسلمان اب بھی خواب غفلت سے بیدار نہ ہوئے تو زوال سے ہمیں کوئی بچانے والا باقی نہیں رہے گا۔ہمیں ہوش کے ناخن لینا ہوں گے۔فلسطین کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔