

راولپنڈی( دیس نیوز )
وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کے لیے رجسٹریشن کے آغاز کے لیے تقریب کا انعقاد۔
وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت۔
ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پروگرام صوبہ میں زرعی خوشحالی کے لیے ایک گیم چینجر ثابت ہوگا۔ وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی
وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کی رجسٹریشن کے اغاز کے لیے تقریب کا انعقاد ہوا۔ تقریب میں وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا 400 ارب روپے سے زائد کا ”ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پروگرام” صوبہ میں زرعی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کے لیے ایک گیم چینجر ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام کے تحت آج وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کی رجسٹریشن کا آغاز کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے 300 ارب روپے کی خطیر رقم سے کاشتکاروں کو بلا سود زرعی قرضہ حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کی رجسٹریشن کے لیے اب تک 10 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کا مقصد کاشتکاروں کی خوشحالی اور بہتری ہے۔ اسی لیے کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکاروں کو مڈل مین کے استحصال سے بچایا جائے گا۔ کاشتکاروں کو ایک فصل کے لیے 30 ہزار روپے فی ایکڑ تک بلا سود زرعی قرضہ فراہم کیا جائے گا۔ حکومت پنجاب کسان کارڈ کا دائرہ کار اور فنڈنگ مزید بڑھائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سکیم سے 1 تا 12.5 ایکڑ زرعی اراضی کے مالکان مستفید ہوں گے۔ یہ منصوبہ محکمہ زراعت اور بینک آف پنجاب کے باہمی اشتراک سے شروع کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ سے ڈیڑھ لاکھ روپے تک فی کسان بلا سود زرعی قرضہ حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکار اپنی فصل کے لئے زرعی مداخل کی خرید بروقت کر پائیں گے جس سے فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ وزیر زراعت پنجاب نے کاشتکاروں سے اپیل کی کہ کاشتکار کسان کارڈ کا قرضہ چھ ماہ کے اندر اندر ادا کرے جس سے اگلی فصل کے لیے بھی بلا سود زرعی قرضہ کی دستیابی ممکن ہو سکے گی۔
اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ کسان کارڈ سے 5 لاکھ کاشتکار مستفید ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کی رجسٹریشن کے لیے ”پہلے آئیے پہلے پائیے” کی بنیاد پر عملدرآمد جاری ہے۔ کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکاروں کو معیاری کھاد اور بیج مقرر کردہ قیمتوں پر دستیاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ کے اجراء کے لیے کاشتکاروں کو کسی بھی دفتر کا چکر نہیں لگانا پڑے گا اور کاشتکاروں کی آسانی کے لیے بذریعہ ایس ایم ایس الرٹ کسان کارڈ کا حصول کیا جا سکے گا۔ سیکرٹری زراعت پنجاب نے واضح کیا کہ کسان کارڈ کے اجراء کے لیے محکمہ زراعت، بینک آف پنجاب،نادرا، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی مل کر کام کررہے ہیں۔
مستقبل میں وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکاروں کو مزید سہولیات اور سروسز فراہم کی جائیں گی۔ صوبہ پنجاب میں 10 ہزار رجسٹر ڈیلرز سے پی او ایس مشین کے ذریعے کاشتکار۔کھاد، بیج اور زرعی ادویات حاصل کر سکیں گے اور انہیں مڈل مین کو اضافی رقم دینے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔
تقریب میں محکمہ زراعت پنجاب کے اعلیٰ افسران، بینک آف پنجاب، نادرا، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے نمائندوں اور کاشتکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کے اجراء کیلئے نمایاں کام کرنے والے محکمہ زراعت و دیگر محکموں کے افسران کو وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے شیلڈز سے نوازا۔
٭٭٭٭