*ملک بھر میں طوفانی بارشیں،محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنادی*
محکمہ موسمیات نے آج سے 7 جون تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور آندھی سمیت جھکڑ چلنے کی پیشگوئی کی ہے۔
اسلام آباد ( دیس نیوز ) تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے بارشوں کا الرٹ جاری کیا ہے جس کے مطابق کمزور مغربی ہوائیں آج 4 جون سے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی، اس سسٹم کے سبب ملک کے مختلف حصوں میں آندھی، جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گلگت بلتستا ن،کشمیر ،اسلام آباد ، گوجرانوالہ، اوکاڑہ، فیصل آباد اور خوشاب میں بارش ہوگی جب کہ بہاولپور، ڈیرہ غازی خان ، ملتان اور لیہ میں بھی آندھی اور بارش کا امکان ہے۔اس کے علاوہ جیکب آباد، لاڑکانہ ،کوئٹہ اور بارکھان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آندھی سے کھڑی فصلوں اور کمزور انفرا سٹرکچر کو نقصان کا اندیشہ ہے۔محکمہ موسمیا ت کاکہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا ،صوبے کے میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے،خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے جبکہ پشاور:سوات،کالام،چترال،شانگلہ،مانسہرہ،کوہستال،پاراچنار میں بھی بارش کاامکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،پشاور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں 45،بنوں میں 44ڈگڑی سینٹی گریڈتک جانے کاامکان ہے۔