ویسٹ انڈین بورڈ نے خواتین کرکٹرز کو مردوں کے برابر تنخواہ دینے کا فیصلہ کرلیا

ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹرز کے لیے کرکٹ بورڈ نے بڑا فیصلہ کرلیا، مرد کرکٹرز کے مساوی تنخواۃ یقینی بنانے کا وعدہ کرلیا۔

ماضی قریب میں نیوزی لینڈ، بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور انگلینڈ جیسے ممالک نے صنفی مساوات کو یقینی بنانے کے لیے مردو اور عورتوں کی تنخواہوں کو برابر کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

اب ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ بھی ایسا کرنے جارہا ہے۔ 25 جنوری کو ایک نئی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے اپنے تمام کھلاڑیوں کو ان کی صنف سے قطع نظر، یکساں تنخواہ فراہم کرنے کی جانب قدم بڑھانا شروع کر دیا ہے۔

کرکٹ ویسٹ انڈیز اور ویسٹ انڈیز پلیئرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں کی جانب سے اس ایم او یو پر دستخط کیے گئے ہیں۔

سی ڈبلیو آئی کے صدر ڈاکٹر کشور شیلو نے کہا کہ صنفی بنیادوں پر تنخواہ میں مساوات کو یقینی بنانے کا مقصد یہ ہے کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ میں خواتین کرکٹرز کی بے پناہ شراکت کو تسلیم کیا جائے۔

انھوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو بتایا کہ یہ ویسٹ انڈیز کرکٹ کے لیے ایک تاریخی دن ہے۔ ہم معاوضے کے اسٹرکچر اور کارکردگی کی درجہ بندی کے طریقہ کار کو ترتیب دے رہے ہیں۔

یہ قدم صنفی مساوات کے لیے ہماری غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے اور اس بات کو تسلیم کرنے کے مترادف ہے کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ میں خواتین کھلاڑیوں کی بے پناہ شراکت موجود ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *