ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق



تہران (مانیٹرنگ ڈیسک دیس نیوز)

:ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔
ایرانی خبررساں ایجنسی مہر نے تصدیق کی ہے کہ صدر اور وزیر خارجہ کو لے جانے والے ہیلی کاپٹر کے تمام مسافر جاں بحق ہو گئے ہیں۔ایجنسی کے مطابق شہید ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اتوار کی شام سرحدی علاقے قیز قلعہ میں آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے ہمراہ ڈیم کا افتتاح کرنے کے بعد تبریز شہر کی جانب واپس جارہے تھے کہ ایران کے صوبے مشرقی آذربائیجان کے علاقے زرقان میں ان کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا جس میں وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ جاں بحق ہوگئے۔حادثے کا شکار ہونے والے بدقسمت ہیلی کاپٹر میں صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے ہمراہ وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان، صوبہ مشرقی آذربائیجان کے گورنر مالک رحمتی ،صدرمملکت کے سکیورٹی دستے کے کمانڈر جنرل سید مہدی موسوی اور صدر کے زاتی محافظ موجود تھے۔ ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی آئی آر این اے کے مطابق صدر امریکی ساختہ بیل 212 ہیلی کاپٹر میں تھے۔ رائٹرز نے ایک ایرانی اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ حادثے میں صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر مکمل طور پر جل گیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *