راولپنڈی (دیس نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا منشور غریب، مزدور اور محکوم طبقہ کی خدمت کرنا ہے۔عام آدمی کی بنیادی ضروریات پوری کرنا ہے۔ قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو نے ہمیشہ مزدوروں کو ان کے حقوق دلائے۔صدر آصف علی زرداری نے اپنے سابقہ دور اقتدار کے دوران 50 فیصد تنخواہوں میں اضافہ کیا تھا ۔ہم نے ہر دور میں محکوم طبقہ کی دادرسی کی ۔
خیالات کا اظہار گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ریلوے ورکر یونین کے مرکزی ترجمان مبارک حسین و دیگر سے ملاقات کے موقع پر کیا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا مزید کہنا تھا کہ ہم ذوالفقار علی بھٹو شہید کا مشن جاری رکھیں گے۔ میرے منتخب ہونے سے کارکن خوش ہیں جس پر ان کا نہایت مشکور ہوں ۔پنجاب میں عام عوام کو فائدہ پہنچائیں گے۔ لوگوں کی خدمت کرنا ہمیں وراثت میں ملی۔ہمیشہ پیپلز پارٹی کے وفادار کارکن کی طرح اپنی پارٹی کے لیے جدوجہد کرتا رہوں گا ۔تمام اداروں کے ملازمین ،مزدور تنظیموں اور مزدور لیڈروں کے مسائل کو حل کروں گا۔اس موقع پر مزدور رہنما اور مرکزی ترجمان ریلوے ورکرز یونین تارا نشان مبارک حسین ودیگر نے کہا کہ ریلوے ورکرز یونین اوپن لائن تارا نشان اور ال پاکستان افیکٹو اپلائز ایکشن کمیٹی کے تمام قائدین اور مرکزی سرپرست اعلی قادر خان مندوخیل کی جانب سے آپ کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ آپ کی سرپرستی سے ملازمین کے مسائل حل ہوں گے۔ہم اپنی یونین کے پلیٹ فارم سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ صوبائی اور قومی اداروں کی نجکاری کو ختم کیا جائے۔کانٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیا جائے۔متاثرین ملازمین ایکشن کمیٹی کے چیئرمین قادر خان مندو خیل اور سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی جانب سے دی گئی رولنگ پر عمل درآمد ہونا ضروری ہے۔ پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو نے ملازمین کو ان کے قانونی حقوق دیے۔ ٹریڈ یونین سرگرمیاں آئین کا حصہ ہیں ۔جو73 کے آئین کے مطابق ہیں۔ آج چار لاکھ ملازمین آپ سے انصاف کی توقع رکھتے ہیں۔ صدر پاکستان آصف علی زرداری پیپلز پارٹی کی روایات کو برقرار رکھیں ۔ایکشن کمیٹی کے تمام احکامات پر عمل درامد کروانے کا نوٹیفکیشن جاری کریں۔ہم پر امید ہیں کہ آپ پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے حقوق دلوانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔