۔ مقررین نے چیف جسٹس سپریم کورٹ پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ پنجاب کے گندم سکینڈل کا از خود نوٹس لیں
راولپنڈی (دیس نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر سیکرٹری اطلاعات ضلع راولپنڈی ملک اعظم کے مطابق گزشتہ روز سوموار کو چوتھے روز بھی کسانوں کے حقوق کے لئے پنجاب کے بڑے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے اور دھرنے دیئے گئے ۔راولپنڈی لیاقت باغ میں چوتھے دن بھی دھرنا دیا گیا ۔ اس دھرنے سے امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی ,امیر ضلع مری غلام احمد عباسی , صدر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان شمس الرحمن سواتی , ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی پنجاب شمالی اویس اسلم مرزا , وائس پریزیڈنٹ کنٹونمنٹ بورڈ چکلالہ خالد محمود مرزا اور دیگر عہدیداران نے بھی خطاب کیا ۔ مقررین نے چیف جسٹس سپریم کورٹ پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ پنجاب کے گندم سکینڈل کا از خود نوٹس لیں اور اس سکینڈل میں ملوث عناصر کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرکے قوم کے مجرموں کو نشان عبرت بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پنجاب کا کسان انتہائی مشکلات کا شکار ہے۔ جماعت اسلامی پریشان حال کسانوں کی ترجمانی کر رہی ہے ۔ حکومت پنجاب ہوش کے ناخن لے اور کسانوں کی گندم کو فوری طور پر خریدے۔مقررین نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان چار دن کے دھرنوں کے بعد اب أئندہ کے لائحہ عمل کا جلد اعلان کریں گے۔