پنجاب حکومت مافیاز کے ہاتھوں میں کھیل رہی ہے ۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور محب وطن اورمحنتی کسانوں کو دیوار کے ساتھ لگانے سے باز رہے

راولپنڈی ( دیس نیوز)حکومت پنجاب کی طرف سے کسانوں سے گندم کی خریداری نہ کرنے کے خلاف دوسرے دن بھی جماعت اسلامی نے احتجاجی مظاہرے کئے اور دھرنے دیئے ہیں ۔ پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح راولپنڈی میں بھی لیاقت باغ کے باہر دھرنا دیا گیا ۔ جس سے امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی ,جنرل سیکرٹری عتیق احمد عباسی , نائب امراء سید عزیر حامد , پروفیسر محمد وقاص خان , صدر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان شمس الرحمن سواتی اور ملک اعظم  دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا ۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ پنجاب حکومت مافیاز کے ہاتھوں میں کھیل رہی ہے ۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور محب وطن اورمحنتی کسانوں کو دیوار کے ساتھ لگانے سے باز رہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی دن رات کی محنت کو ضائع ہونے سے بچایا جائے ۔ حکومت پنجاب فوری طور پر کسانوں سے گندم کی خریداری کا اعلان کرے۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ جماعت اسلامی کسانوں کے حقوق کے لئے ان کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑی ہے ۔ حکومت پنجاب فوری طور پر گندم کی خریداری شروع کرے ورنہ پنجاب بھر کے کسان لاہور میں وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کر یں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *